لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی

لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی
لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی

لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی۔ 71پاکستانی خصوصی پرواز سے کراچی پہنچے۔ شام سے بھی 4 پاکستانیوں کو لایا گیا۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان پربمباری کے بعد پاکستان نے اپنے شہریوں کو واپس بلانے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد دمشق سے خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستانیوں کو کراچی پہنچادیا گیا۔

سڑسٹھ  پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے

دفترخارجہ نے واضح کیا کہ سڑسٹھ پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے اور شام سے 4 دیگر پاکستانی بھی خصوصی پرواز میں سوار ہوئے تھے۔ لبنان اور شام میں پاکستانی سفارتخانوں نے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاکویقینی بنایا۔

  ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ شمالی بارڈر کراسنگ سے دمشق پہنچایا گیا تھا، پاکستانیوں کی کراچی کیلئے پرواز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب روانہ ہوئی۔

خصوصی پرواز رات تین بجے ایک گھنٹہ تاخیر سے کراچی پہنچی ۔ خصوصی پرواز نے کراچی ایئرپورٹ کے رن وے نمبر 25 ایل پر لینڈنگ کی، لبنان سے کراچی پہنچنے والے پاکستانی کا گورنر سندھ کامران ٹیسوری، خالد مقبول صدیقی، جام اکرام اللہ نے استقبال کیا۔

مسافروں نے انتظامات کو سراہا اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو ایئرپورٹ پر پہنچنے والے پاکستانیوں کا استقبال کیا۔

لبنان سے پاکستانیوں کے انخلا کیلئے خصوصی پرواز

یاد رہے کہ دو روز قبل لبنان سے پاکستانیوں کے انخلا کیلئے خصوصی پرواز کی اجازت دی گئی تھی ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ائیرلائن کو ایک خصوصی پرواز کی اجازت دی گئی ، ائیربس 320 طیارے سے 180 پاکستانیوں کو لبنان سے پاکستان پہنچانے کا مشن ہے جس پر عملدرآمد جاری ہے۔