ایس سی او کانفرنس کیلئے غیرملکی وفود کی پاکستان آمد جاری ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، دنیا بھر سے وفود کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ غیرملکی وفود اسلام آباد میں قیام کررہے ہیں۔
بھارت کا چار رکنی سرکاری وفد بھی پاکستان پہنچ گیا، ایس سی او سربراہی کانفرنس میں شرکت کیلئے دیگر ممالک کے وفود بھی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ میڈیا کے مطابق روس کے بھی 76 رکنی وفد پاکستان پہنچ چکا ہے۔
اسی طرح چین کا پندرہ رکنی وفد شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کے کیپٹل سٹی پہنچا ہے، کرغستان کا چار رکنی، ایران کا دو رکنی وفد پاکستان پہنچ چکا ہے، شنگائی تعاون تنظیم کا اجلاس 15 سے 16 اکتوبر کے درمیان اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں مختلف ممالک کے دوسو سے زاد وفود شرکت کرینگے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک ا نصاف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پرڈی چوک پراحتجاج کا اعلان کررکھا ہے، پی ٹی آئی نے شرط رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادیں تو احتجاج ملتوی کرسکتے ہیں۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی گوہرایوب نے وزارت داخلہ کو عمران خان سے ملاقات کیلئے باقاعدہ درخواست دے دی ۔ ذرائع کے مطابق حکومت پی ٹی آئی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دے سکتی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ڈی چوک کا احتجاج بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے۔