پاکستانی کوہ پیما نے نئی تاریخ رقم کردی، شہروز کاشف آٹھ ہزار میٹر سے بلند چودہ چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بن گئے ۔ پاکستانی کوہ پیما نے شیشا پنگما کی چوٹی بھی سر کرلی۔ سرباز خان کے بعد شہروز دوسرے پاکستانی ہیں جنہوں نے تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کے نیا ریکارڈ بنا دیا، سرباز نے گزشتہ ہفتے شیشا پنگما کو سر کیا تھا اور پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
شہروز نے2019 میں اپنے سفرکا آغاز کیا
اگر شہروز کاشف کی کوہ پیما سے متعلق تاریخ دیکھیں تو کم عمر نوجوان نے اپنے سفر 2019 میں شروع کیا تھا شہروز نے سب سے پہلے ایٹ تھاؤزنڈر سرکی تھی،انہوں نے صرف 17 سال کی عمر میں 8047 میٹر بلند براڈ پیک کو سر کیا، یہ ایک شاندار شروعات تھی جس نے انہیں بین الاقوامی سطح پر مشہور کردیا۔
اسی طرح سن دوہزار اکیس میں شہروز نے ماؤنٹ ایورسٹ، مناسلو اور کے ٹو کی چوٹیوں کو بھی سر کیا ہے جب کہ دوہزار بائیس میں شہروز کاشف نے کینچنجونگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشر برم ون اور گیشر برم ٹو جیسے بلند چوٹیوں کو سر کرکے دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کو حیران کردیا تھا۔
شہروز کاشف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری
شہروز کاشف کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ سال انہوں نے اناپورنا، داولاگیری اور چو ایو کی چوٹیوں کو سر کیا تاہم یہ بات ماننے کی ہے کہ شہروز گزشتہ برس ایک حادثے کے باعث شیشاپنگما کو سر کرنے سے محروم رہ گئے تھے، اگر وہ اس وقت شیشاپنگما کو سر کرنے میں کامیاب ہو جاتے تو وہ دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن جاتے جنہوں نے تمام 14 ایٹ تھاؤزنڈر سر کیں۔ لیکن تمام پاکستانیوں کو امید ہے کہ شہروز ایک نہ ایک دن پاکستان کا نام ضرور روشن کریں گے۔