آئینی ترمیم منظورکرانے کا مشن قریب

آئینی ترمیم منظورکرانے کا مشن قریب
آئینی ترمیم منظورکرانے کا مشن قریب

آئینی ترمیم منظورکرانے کا مشن قریب، بلاول بھٹوکی مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری، ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کو آئینی ترمیم کا حتمی مسودہ دے دیا گیا۔

بلاول بھٹو 24 گھنٹوں میں چوتھی بار مولانا کے گھر پہنچے، اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، محسن نقوی اور اعظم نذیر تارڑ ان کے ہمراہ موجود تھے ۔

حکومت کی طرف سے آئینی ترامیم پر مشاورت کی کوششیں جاری ہیں اور مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم پر حتمی مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پرموجود حکومتی قانونی ٹیم سے رابطہ کیا اور اہم سیاسی امور پر مشاورت کی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ معاملات طے پاگئے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو منا لیا گیا جلد آئینی ترمیم اتفاق رائے سے منظور کرلی جائے گی۔

ادھر پی پی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترمیم پر اتفاق کا دعویٰ کردیا، بولے ہمارے معاملات سو فیصد تک طے ہوچکے ہیں۔

ملاقات کے بعد جے یو آئی کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے آئينی ترمیم پر اتفاق ہوگیا، کوشش ہے کہ مولانا فضل الرحمان خود آئینی ترمیم پیش کریں۔